سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد سعید خان وزیر نے کہا ہے کہ پولیس کی پالیسی کمزور اور لاچار افراد کی طاقت بننا اور ظالم کے ہاتھ روک کر قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ پولیس فورس کا کام حکومت کا دست و بازو بن کر اس پالیسی کو آگے بڑھانا ہے۔ دربار میں پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے پولیس اہلکاروں کی مناسب تربیت اور کردار سازی پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سزا کا مقصد ماتحت کی اذیت نہیں بلکہ اصلاح ہونی چاہیے۔ فورس کی عزت پر دھبا لگانے والوں سے سختی سے باز پرس ہو گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں یہ بھی واضح کیا کہ فورس میں قبضہ گروپ اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے ساتھ روابط رکھنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی اچھی کارکردگی پر انعامات اور حوصلہ افزائی کی پالیسی اپنائی جائے گی جب کہ بُری کارکردگی پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دورے کے موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد سعید خان وزیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ رسول شاہ نے سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
Swat
