سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے علاقے چارباغ میں 13سالہ بچی کو سورہ کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق چارباغ پولیس نفری کے ہمراہ تحصیل چارباغ کے نواحی علاقے کنڈؤ میں کارروائی کی، جہاں پر فریقین اور علاقہ مشران نے تیرہ سالہ بچی شازمہ دختر شیرزادہ کو سورہ قراردے کر تیئس سالہ لڑکے نظارعلی ولد دلاور کے نکاح میں دے دیا۔ پولیس نے نکاح خواں مولوی محمد عثمان ولد گل محمد سمیت لڑکے کے باپ دلاور خان، داداحضرت اَمین اور لڑکی کے والد شیرزادہ ولد سید کریم سمیت دیگر افراد بہادرخان ولد عمرخان، بہاؤ الدین ولد عبداللہ، شاہ زمین اور بخت زمین پسران عظیم، حضرت علی ولد عبداللہ، جنت گل ولد عبداللہ،امین ولد عبداللہ،نعمت خان ولد سرزمین خان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے والد شیرزادہ کے حضرت امین کی معذورجواں سال لڑکی مسماۃ (و)دختر حضرت امین کے ساتھ مبینہ تعلقات ہونے پر اسے بھی شیرزاد ہ کے نکاح میں دے دیا گیا ہے جبکہ باپ کے جرم کی سزا میں اس کی بیٹی کو دے کر سورہ میں دے دیاگیا، لیکن پولیس نے اس فرسودہ رسم کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو دھرلیا ہے۔مزید تفتیش جاری ہے۔
