سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مینگورہ کے مختلف محلوں ملوک آباد، بارامہ، رنگ محلہ، پٹانے اور دیگر محلوں میں گذشتہ کئی ماہ سے پینے کا پانی ناپید ہے جس کی وجہ سے لوگ دور دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ رنگ محلہ اور ملوک آباد میں مقامی لوگوں نے پانی کے لئے احتجاج بھی کیا ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ ہم باقاعدہ بل ادا کرتے ہیں۔اس سال پانی کے بلوں میں خودساختہ اضافہ بھی کردیاگیا ہے، مگر اس کے باوجود کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہے، جن علاقوں میں تھوڑا بہت پانی سپلائی کیا جاتا ہے، وہاں کا پانی بھی آلودہ اور گندا ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پرپانی کی عدم دستیابی کو ختم کیاجائے، ورنہ لوگ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
