سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے دورہئ سوات کے دوسرے روز تحصیل مٹہ کے وسیع بارانی علاقے پر مشتمل باڑوئی ایریگیشن سکیم پر عملی کام کا باضابطہ سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ سیکرٹری ایریگیشن داؤد خان، چیف انجینئر ایریگیشن نیاز سرور بلوچ، ایس ای آبپاشی انجینئر غلام اسحاق، تحصیل ناظم مٹہ عبداللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام، عمائدین علاقہ اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے ان تقاریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چونکہ باغ ڈھیری نہر کالا کوٹ، باغ ڈھیری اور اشاڑے کی زمینوں سے گزر رہی ہے، مگر ان دیہات کی زیادہ تر زمین نہر کے دائیں جانب پانی سے محروم رہ گئی۔ اس لئے ازالہ کیلئے باڑوئی ایگریگیشن سکیم شروع کی ہے جس کی لمبائی تیرہ کلومیٹر اور لاگت 15 کروڑ روپے ہے۔ آبپاشی کے اس منصوبے سے تینوں دیہات کی 551 ایکڑ بنجر اراضی کو سیراب کرنے کے لیے 6.50کیوسک پانی فراہم ہوگا۔ اس کی بدولت علاقے میں زراعت کو فروغ ملے گا۔ میوہ دار باغات، سبزیاں اور فصلیں با آسانی اگائی جا سکیں گی، جس کے نتیجے میں علاقے کے عوام بالخصوص زمینداروں اور کاشتکاروں کو سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن ہو گی اور خوشحالی آئے گی۔ محمود خان نے گذشتہ صوبائی حکومت کے دوران باغ ڈھیرئی ایریگیشن سکیم بھی شروع کی تھی، جس کی عنقریب تکمیل سے کالا کوٹ سے خریڑئی مٹہ تک سات دیہات کی 5341 ایکڑ بنجر زمین سیراب ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے 19کروڑ روپے کی لاگت سے راحت کورٹ، سخرہ روڈ کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔
Swat
