سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے”مین بازار“ میں لنڈے کا جمعہ بازار ایک عرصے سے لگتا ہے۔ مہنگائی میں اضافہ کے ساتھ جمعہ بازار میں توسیع ہورہی ہے۔ مینگورہ میں جمعہ کو تاجروں کی چھٹی ہوتی ہے۔ جمعہ کی علی الصباح یہ کاروبار کرنے والے بند دکانوں کے سامنے لنڈے کا مال سجا لیتے ہیں۔ صبح سے شام تک اس جمعہ بازار میں لوگ خریداری کرتے تھے۔ جمعہ بازار کے ایک دکاندار محمد سلیم نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے دور سے یہاں یہ کاروبار کر رہا ہے۔ اس بازار میں پہلے کپڑے، جرسیاں، جیکٹ، پردے، جوتے فروخت ہوتے تھے، لیکن اب اس میں باہر ممالک سے آنے والے برتن اور کچن کا سامان بھی فروخت ہوتا ہے۔ اب یہ جمعہ بازار مین بازار سے تاج چوک تک پہنچ گیا ہے۔ موسمِ گرما میں بھی اس بازارمیں رش ہوتا ہے، لیکن موسم سرما میں گرم کپڑے، جرسیاں وغیرہ کی خریداری کے لئے اس بازار میں رش میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک دکان دار رحم دل نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایاکہ کپڑے اور برتن مختلف ممالک سے آتے ہیں۔ یہ استعمال شدہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سامان بحری جہازوں کے ذریعے کراچی پہنچتا ہے، جہاں سے دکان دار اس کو تھوک کے حساب سے خریدتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خریداری ڈالر میں ہوتی ہے اور پاکستانی روپے کے قدر میں کمی کی وجہ سے اب لنڈے کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
Swat
