Swat

سوات میں یونیورسٹیوں کا اعلان، صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کا خصوصی دورہئ سوات

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)   سوات میں مزید تین یونیورسٹیوں، ویمن، انجینئرنگ اور ایگریکلچرل کے قیام اور ان میں داخلوں کے آغاز کے لئے وزیر اعلیٰ محمود خا ن کی خصوصی ہدایت پر صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ارشد علی خان نے چھٹی کے دن سوات کا دورہ کیا۔ انہوں نے گلی باغ میں سوات یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی کے رجسٹرار محبوب علی اور متعلقہ حکام نے ان کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے سوات یونیورسٹی کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں تعمیراتی کام تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے، تاکہ آئندہ سال نئی عمارت میں کلاسز کا آغاز ہو جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان کو اس بارے ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے اور وہ ہر ہفتہ کام کا معائنہ کریں گے۔ باخبرسوات ڈاٹ کام سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوات میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ویمن اور زرعی یونیورسٹی کے لئے کبل میں 475کنال سرکاری زمین حاصل کی گئی ہے، جس پر جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس وقت ویمن یونیورسٹی سوات کے زوالوجی، باٹنی، سائیکالوجی اور ہوم سائنس کے شعبوں میں پانچ سو سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ زرعی یونیورسٹی ملکی دم تحصیل بریکوٹ میں قائم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خواہش ہے کہ زرعی اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں اگلے سال جنوری سے کلاسز کا آغاز ہو جائے گا جس کے لئے محکمہ نے کام شروع کیا ہے۔ سوات یونیورسٹی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے امبریلا پراجیکٹ کے لئے صوبائی حکومت نے 1640 ملین، سول ورک کے لئے 1250 ملین اور1040 ملین روپے ریلیز کیے ہیں اور وفاقی حکومت کے حصہ کے 924 اور130ملین روپے ریلیز کیے جاچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں