Swat

گرین چوک، زیرِ تعمیر عمارت کا ایک حصہ گھرگیا، چار افراد جاں بحق

سوات   (باخبر سوات ڈاٹ کام)   مینگورہ کے گرین چوک محلہ خونہ گل میں چار منزلہ زیر تعمیر عمارت کا ایک حصہ گھرپر گرنے سے ایک کمرہ میں میاں بیوی دو بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ دوسرے کمرے میں ان کے ہاں آئے ہوئے رشتہ دارماں بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ ریسکیو1122کے ترجمان عمران کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے اہلکار پہنچ گئے۔صبح تک امدادی کارروائی کرتے ہوئے گھر کے ایک کمرہ سے 36سالہ عنایت اللہ، ان کی29 سالہ اہلیہ، بیٹاتین سالہ زرک اور بیٹی پانچ سالہ حورہ کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا۔ دوسرے کمرے سے ان کے رشتہ دار مہمان مسماۃ ناہیدہ اور ان کے بیٹے محسن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا۔ایک ہی خاندان کے چار افراد کا اجتماعی جنازہ جنازو جماعت مینگورہ میں ادا کیا گیا، جس میں علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں کی آنکھیں پر نم تھیں۔ بعد میں ان کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ واقعہ پر مینگورہ اور ان کے محلے میں سوگ کا عالم تھا۔ عمارت گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچے والدہ کے ساتھ سوئے ہوئے تھے۔ امدادی کام کرنے اور لاشوں کو نکالنے والے اہلکاروں کے مطابق چاروں افراد ایک کمرے میں سوئے ہوئے تھے۔ جاں بحق والدہ کے دونوں بچے والدہ کے ساتھ سوئے ہوئے تھے اورعمارت گرنے سے سوئی ہوئی حالت میں جاں بحق ہوئے۔ زیرِ تعمیر عمارت گرنے سے ایک پورا خاندان ہمیشہ کے لئے ختم ہوگیا۔ عنایت اللہ کار سپرے کی ایک بھٹی میں کام کرتا تھا۔ چھ ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر یہ گھر لیا تھا جس میں اپنی اہلیہ اور دو بچوں سمیت رہائش پذیر تھا۔ عنایت اللہ کے بھائی کے مطابق متوفی اپنے اہلیہ اور بچوں سے بہت پیار کرتا تھا۔ دونوں بچوں سے اکثر کہتا تھا کہ وہ مزدوری کرکے اپنے بچوں کو پڑھائے گا اور دونوں کو ڈاکٹر بنائے گا۔ جاں بحق عنایت اللہ کے بھائی مطیع اللہ نے مشرق کو بتا یا کہ گرنے والی عمارت پہلے سے ایک طرف جھکی ہوئی تھی اور لوگوں نے عمارت کے مالک کو بار بار آگاہ کیا تھا کہ عمارت جھول رہی ہے، لیکن انہوں نے اسی حالت میں اس پر مزید چھت تعمیر کئے۔ تحصیل میونسپل ایڈٖمنسٹریشن کے آفیسر اختر ایوب نے رابطہ پر بتایا کہ عمارت کی تعمیر غیر قانونی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کا نقشہ ٹی ایم اے سے منظور نہیں ہوا تھا۔غیر قانونی تعمیراتی کام پر عمارت کے مالک کو نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ایڈیشنل کمشنر سوات کے مطابق واقع کی انکوائیری کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں پولیس، انتظامیہ، ٹی ایم اے اور ورکس اینڈ سروسز کے اہلکار شامل ہوں گے، جو جلد رپورٹ دیں گے۔ اس کے بعد قانونی کارروائی کی جائیگی۔ تھانہ بنڑ مینگورہ میں عمارت کے مالک رحمت علی اورٹھیکیدار محمد افضل کے خلاف دفعہ 322,427,34 کے تحت ایف آئی آر درج کی اور پولیس کے مطابق دونوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مینگورہ شہر میں ٹی ایم اے ہونے کے باجود اکثر عمارتیں بغیر نقشہ تعمیر کی جاتی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر کے وسط میں ایک کمرشل عمارت کی چار منزلیں تعمیر ہوئیں اور ٹی ایم اے کے اہلکار اس سے بے خبر کیسے رہے؟ تحصیل کبل کے علاقہ سیگرام، کوزہ بانڈئی میں مٹی کا تودہ گرنے سے55 سالہ مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔ طوطا نامی شخص کسی کے لئے کھدائی کر رہا تھا کہ اچانک مٹی کا تودہ ان پر آگرا۔ مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاش کو ملبے سے نکال دیا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔