سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کوروناوائرس سے جہاں دنیا بھر کی معیشت ٹھپ پڑی ہے، وہاں خیبر پختون خوا میں ٹریول اینڈ ٹورکا کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ایجنسیوں کا ”لاک ڈاون“ شروع ہو گیا ہے۔ ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن خیبر پختون خواہ ”ٹیک“ کے صدر شمشیر علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ صوبہ بھر میں 3240 رجسٹرڈ ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیاں ہیں۔ ان ایجنسیوں سے لوگ عمرہ کے ویزے اور ٹکٹ حاصل کرتے تھے، جو مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں۔ کیوں کہ سعودی عرب نے عمرہ پر عارضی پابندی لگائی ہے۔ شمشیر علی کے مطابق 75فیصد فلائٹ آپریشن بند ہے اور15بین الاقوامی ائیر لائنز نے اپنے طیارے گراونڈ کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی ممالک خاص کر دبئی، آزر بائیجان، تائی لینڈ، ملیشیا اور سنگاپور نے سیاحتی ویزے بند کردیے ہیں۔پاکستان میں بھی لوگوں نے سفر کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ اندرونی ملک ”ڈومیسٹک فلائٹس“ خالی جارہی ہیں جس کی وجہ سے امکان ہے کہ پاکستان میں سرکاری اور نجی ائیر لائنز بھی اپنے طیارے گراؤنڈ کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی وجہ سے اس صنعت کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ خیبر پختون خواہ میں رجسٹرڈ3240 ٹریول ایجنسیوں میں 22680 سے زائد افراد کام کر رہے ہیں۔ سکائی ناس ٹریول ایجنسی کے ایم ڈی محمد ایاز نیباخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ٹریول ایجنسیوں کے دفاتر خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں کے پوش یا مصروف ترین علاقوں میں ہیں جس کی وجہ سے ان کے دفاتر کے کرائے باقی دکانوں سے زیادہ ہیں۔ ٹریول ایجنسیوں کا ”لاک ڈاؤن“ شروع ہوچکا ہے۔ ایجنسیوں کے مالکان کام مکمل بند ہونے کی وجہ سے دفاتر کے کرایہ، ملازمین کی تنخواہیں اور یوٹیلٹی بلز ادا کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے وہ مجبوراً دفاتر بند کرنے اور ”لاک ڈاؤن“ پر مجبور ہو رہے ہیں۔ پچھلے چند ماہ میں مختلف ممالک اور خاص کر عمرہ کے لئے جدہ کے ٹکٹ خریدنے والے افراد اب ٹکٹ واپس کرنے لگے ہیں۔ کراؤن ٹور اینڈ ٹریول کے ایم ڈی امتیاز خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ہم ایک بین الاقوامی ٹکٹ فروخت کرنے میں سو روپے سے ایک ہزار روپے تک کماتے ہیں۔ پچھلے کئی ماہ میں فروخت شدہ ٹکٹ اب لوگ واپس کر رہے ہیں جس کے لئے ہم دفاتر میں بیٹھتے ہیں، جو لوگ ٹکٹ واپس کرتے ہیں ان سے لی گئی تمام رقم ہم ان کو واپس کرتے ہیں۔ جن ائر لائنز سے ہم ٹکٹ”ری فنڈ“ کرتے ہیں وہ رقم ائیر لائنز والے ہمیں پندرہ دن سے ایک ماہ میں واپس کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اتنی رقم نہیں ہے جس کی وجہ سے ہم دوستوں اور رشتہ داروں سے قرض لینے پر مجبور ہیں۔زنگون ائرسروسزکے ایم ڈی اکرام اللہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ تمام ائیر لائنز ٹکٹ کی رقم اب امریکی ڈالرز میں وصول کرتی ہیں۔ جس دن ہم ٹکٹ لیتے ہیں، اس روز کے ڈالر ریٹ پر ہم سے پاکستانی روپوں میں رقم وصول کی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے غیر ضروری یا سیاحتی سفر کم کیا تھا۔اس وجہ سے ان کا کاروبار ایک حد تک خراب ہوا تھا، لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا کام مکمل بند ہوگیا ہے اور اگر یہی صورتحال جاری رہی، تو بیشتر ٹریول ایجنسیاں بند اور ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔
Swat
