سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کی ہیراپھیری، عوام دشمن اور خصوصاً ہیلتھ کے ملازمین کی اُمیدوں پر پانی پھیر دینے کے مترادف قراردیتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن سیدو ٹیچنگ ہسپتال کا ایک اجلاس زیرصدارت میاں گل علیم منعقد ہوا۔ اجلاس سے مقررین نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کی ہیراپھیری، عوام دشمن قرار دیا اور کہا کہ کورونا کی اس صورتحال میں ہم دہشت گردی سے بھی زیادہ خطرناک اورتمام دنیا کی تاریخ میں خطرناک ترین بیماری کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز جو اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں،انہیں سرے سے نظراندازکردیاگیاہے۔ اجلاس میں وفاقی بجٹ کومکمل مستردکرکے اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔
