(باخبر سوات ڈاٹ کام) سنگوٹہ پبلک سکول میں پولیس وین فائرنگ میں شہید ہونے والی پانچ سالہ بچی عائشہ اپنے خاندان کی ساتویں شہید ہیں۔ اس سے پہلے اس خاندان کے6 افراد ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ بچی کے والد کے چچا سابق ناظم سجاد خان کو بھی ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا گیا تھا۔ علاقہ میں یہ خاندان”شہدا خاندان“ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ سنگوٹہ پبلک سکول میں شہید ہونے والی پانچ سالہ بچی کی ”ٹک ٹاک“ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو نے دیکھنے والوں کو رُلا کر رکھ دیا۔ چند روز قبل کلاس نرسری کی کمسن طالبہ عائشہ سکول کینٹین سے اپنے لئے خریداری کرتی ہے اور مسکراتے ہوئے بھاگ کر اپنی بڑی بہن کی جانب آتی ہے۔ بڑی بہن نے اس کی ان اداؤں کو موبائل کے کیمرے سے قید کیا اور”ٹک ٹاک“ پر شیئر کیا۔ بچی کی شہادت کے بعد وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
Swat
