(باخبر سوات ڈاٹ کام)اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سب آفس کالام میں اندراب جھیل تک رسائی کے لئے سیاحوں کو آسانی اور سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں عمائدین علاقہ کے مشران کے ساتھ جرگہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں عمائدین علاقہ کے مشران کے ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار زیب خان نے مذاکرات کئے۔ جرگہ میں مشران کا کہنا تھا کہ جھیل کالام کے بلیو واٹر سے سولہ کلومیٹر اور پھر میدان بانڈہ سے چار کلومیٹر کی مسافت پر ہے۔راستے میں سبزہ اور گنگناتے جھرنے آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔مگر اس جھیل کو جانے کے لیے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ زیادہ تر فیملیز پیدل سفر نہیں کرسکتے۔ اگر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اندراب جھیل کی ترقی اور سڑک کی تعمیر کے ساتھ سیاحوں کی سہولت کے لیے اقدامات کرے تو سیاحت کو مزید فروغ مل سکتاہے۔ مشران کی جانب سے مختلف تجاویز سامنے آنے پرڈپٹی ڈائیریکٹرنے یقین دہانی کرائی کہ قوم کے ساتھ مل کر اس علاقے کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے۔
Swat
