(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ سوات میں تحریک انصاف کی جانب سے ریلی منعقد کرنے پر 15 سو افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔ پولیس کی جانب سے تھانہ بنڑ مینگورہ میں دفعات 500/ 505/ 506/ 147/ 149/ 120B/ 341(ii) کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سابق ایم پی اے فضل حکیم، سٹی مئیر شاہد علی، خاتون رہنما نسیم اختر، اختر علی ایڈوکیٹ، شوکت علی، جہانزیب گوگل سمیت پندرہ سو افراد نے دفعہ144 کے باوجود غیر قانونی طور پر مینگورہ بائی پاس میں ریلی نکالی اور قومی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی جس کی وجہ سے ان معلوم و نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔ سوات پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد سابق ایم پی اے فضل حکیم قصاب کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر چھاپا مارا لیکن وہ پہلے سے فرار ہوچکے تھے۔ ریلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کے آنے کے بعد سابق ایم پی اے فضل حکیم قصاب پولیس کو دیکھ کر بھاگ رہا ہے۔
