(باخبر سوات ڈاٹ کام)کالام سے واپسی پر سیاحوں کی کوسٹر گاڑی پشمال کے مقام پر کھائی میں گرگئی۔ نتیجتاً تین افراد جاں بحق اور سولہ زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ اُو کالام علی باچا کے مطابق لاہور سے یونیورسٹی کے طلبہ ایک کوسٹر میں تفریحی ٹور پر کالام آئے تھے۔ وہاں رات گزارنے کے بعد ہفتہ کی صبح واپس جارہے تھے کہ پشمال کے مقام پر گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔نتیجے میں وقاص اشرف ولد محمد اشرف ساکن لاہور، محمد عبداللہ ولد خالد محمود ساکن لاہور، مولوی عاطف ولد محمد اسلم ساکن لاہور موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو سوات کے ترجمان کے مطابق زخمی سولہ سیاحوں کو مدین ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے سات تشویشناک مریضوں کو سیدو شریف ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں ابوبکر ولد سفیر احمد ساکن لاہور، محسن رضا ولد مقصود احمد ساکن فیصل آباد، سلمان ولد محمد سلیم ساکن لاہور، نعمان اسلم ولد محمد اسلم ساکن لاہور، رانا فراز ولد سرفراز ساکن فیصل آباد، خالد ولد غلام رسول ساکن لاہور،احمد فراز ولد شبیر احمد ساکن لاہور، کلیم بھٹی، رضوان علی، وسیم خالد،شیراز، حسن الیاس،محمداحسان ولد شیر محمد، حامد قریشی،سید حسن اور ذوالقرنین شامل ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق حادثے کے بعد سب سے پہلے مقامی افراد اور بعد میں پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا اور جاں بحق اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال لیا۔
