(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبارِ زندگی بری طرح متاثر ہے۔شہری علاقوں میں ہر گھنٹے اور ہر آدھے گھنٹے بعد ایک یا دو گھنٹوں کے لئے بجلی معطل ہوجاتی ہے۔ اس طرح دیہاتی علاقوں میں چار گھنٹے بعد ایک یا آدھے گھنٹے کے لئے بجلی آتی ہے۔ مینگورہ کے ملا با با روڈ پر خیراد کا کام کرنے والے عبید اللہ نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کا کام غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے خراب ہوگیا ہے۔ اب حال یہ ہے کہ شام کو بچوں کے لئے کھانا لے جانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ مین بازار کے ایک ٹیلر اعجاز علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ اُن کا سال میں رمضان کا سیزن ہوتا ہے، جس میں لوگ عید کے لئے کپڑے سلواتے ہیں لیکن حالیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہم تمام کاریگر مل کر بھی دو سے تین جوڑے سی پاتے ہیں۔ سلک مل میں کام کرنے والے ایک محنت کش یوسف علی کا کہنا ہے کہ اُن کو مزدوری کپڑا تیار ہونے کے بعد گزانہ کے حساب سے ملتی ہے، لیکن لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بمشکل تین سو سے چار سو روپے کا کپڑا ہی بنا پاتے ہیں۔اس وجہ سے گھروں میں فاقے پڑنے کا خدشہ ہے۔
