(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں سرجن ڈاکٹروں نے نجی ہسپتالوں میں ”صحت کارڈ“ پر مریضوں کا علاج نہ کرنے کی دھمکی دیدی۔ جاری بیان کے مطابق صوبہ میں حالیہ صحت سہولت پروگرام کی بحالی، مریضوں کے حقوق اور مزدور طبقہ کے تحفظات بارے سوسائٹی آف سرجنز کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مقتدر حلقوں اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو بار بار صحت سہولت پروگرام میں بے ظابطگیوں سے متعلق متنبہ کرنے کے باوجود اس اہم معاملہ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ یہ بے ظابطگیاں عمومی طور پر بالآخر مریضوں کے مروجہ طریقہئ علاج پر بری طرح اثر انداز ہو رہی ہیں۔ جو کہ سرجنز میں بحیثیتِ بنیادی طبیب اور مریض کی صحت سے براہِ راست منسلک ہونے کی وجہ سے انتہائی تشویش کا سبب بن ر ہی ہیں۔ ڈاکٹروں نے ہمیشہ حکومت کے مریضوں کی فلاح سے متعلق ہر اقدام کو سراہا ہے اور نامساعد حالات کے باوجود اب کی بار بھی اس کو عملی جامہ پہنانے اور اس کو مزید فعال کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ اجلاس میں اس انتہائی اہم مسئلہ کی جانب متعلقہ حلقوں کی بے توجہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا گیا کہ اگر حالات اسی طرح جاری رہے، تو مریضوں کے صحت عامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں پروگرام پر مزید کام جاری رکھنا اپنے مقدس پیشہ سے ناانصافی کے مترادف اور ناممکن ہو جائے گا۔
Swat