(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے نجی نرسنگ کالجز کے طلبہ نے امتحانی حال سوات سے مردان تبدیل کرنے کے خلاف نرسنگ ایگزامینشن بورڈ خیبر پختون خوا کے خلاف مٹہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بورڈ کے کنٹرولر کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں سید اظہار اللہ اور دیگر نے کہا کہ ’’سی این اے‘‘ کے امتحانات چند دن بعد شروع ہونے والے ہیں جس میں سوات کے نرسنگ کالجز کے 196 طلبہ کا امتحان ہے۔ اس سے پہلے یہ امتحان سوات میں لیا جاتا تھا، لیکن اس سال کنٹرولر نے یہ کہہ کر کہ سوات میں امن و امان کے حالات خراب ہیں۔ اس لئے سوات کے طلبہ مردان میں امتحان دیں گے۔ مقررین نے کہا کہ سوات میں امن و امان کی صورتحال اسلام آباد سے بھی بہتر ہے۔ پھر کنٹرولر نے کوئی ڈراؤنا خواب دیکھا ہوگا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سوات کے طلبہ سے سوات میں امتحان لیا جائے بصورت دیگر وہ امتحان سے بائیکاٹ کریں گے۔
