(باخبر سوات ڈاٹ کام)چیل، بشیگرام روڈ کی عدم تعمیر اور خستہ صورتحال اور کالام روڈ کی بحالی کے لئے اہلِ علاقہ نے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سور پل مدین کے قریب مدین، بحرین، کالام روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کیا، جس کی وجہ سے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرے سے اپنے خطاب میں سابق ایم پی اے سید جعفر شاہ، تحصیل چیئر مین میاں شاہد علی، سابق تحصیل ناظم حبیب اللہ، ڈاکٹر محمد علی شاہ، ملک نوازش علی، بخت امین کریمی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ بارہ سال سے مدین تا چیل تین کلومیٹر اور چیل تا بشیگرام بارہ کلومیٹر سڑک خراب ہے، جس کی وجہ سے اس علاقہ کی سیاحت ختم ہوچکی ہے۔ بیس منٹ کا سفر کئی گھنٹوں میں طے ہوتا ہے، گاڑیوں کا برا حال ہوا ہے اور مریضوں کو ہسپتال لے جانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار تختیاں لگا کر اس روڈ کا افتتاح کیا گیا لیکن روڈ پر تعمیراتی کام شروع نہ ہوسکا، جس کی وجہ سے اہلِ علاقہ احتجاج پر مجبور ہوگئے۔ اے این پی کے رہنما ملک امیر سید نے کہا کہ کالام روڈ جگہ جگہ پر خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ اور سیاح شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور یقین دہانی کرائی کہ 13 تاریخ سے سڑک پر باقاعدہ تعمیراتی کام کاآغاز ہو جائیگا، جس پر مظاہرین نے روڈ کھول کر احتجاج ختم کیا۔
