(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات پولیس نے مینگورہ شہر اور ضلع کے تمام علاقوں میں رات کا گشت اور ناکہ بندیاں شروع کردیں۔ گذشتہ روز بنڑ چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ کے بعدپولیس کی گشت بڑھا دی گئی۔ سوات پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ڈاکٹر زاہد اللہ کے خصوصی احکامات کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی اور ان پر کڑی نگرانی کے ساتھ ساتھ امن وامان کو قائم رکھنے لئے ضلع بھر میں مختلف تھانوں کے حدود میں متعلقہ ایس ایچ اُوز کی قیادت میں رات کے وقت ناکہ بندیاں لگائی گئیں ہیں، جن میں مشکوک اشخاص اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔مرکزی بازاروں میں ابابیل سکواڈ اور کیو آر ایف ٹیمیں بھی گشت کر رہی ہیں۔ موجودہ کشیدہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ناکہ بندیوں اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جس کا مقصد معاشرے میں امن و امان کا قیام اور جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کرنا ہے۔
Swat
