(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے سوات باغ ڈھیرئی میں ایک نجی لگژری ہوٹل کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی ایم پی اے محمد نعیم، ایم این اے سہیل سلطان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارے سرزمین پر وزیرستان سے لے کر سوات تک مشکل وقت آیا، لیکن اللہ نے ہمارے لوگوں کو اندھیروں سے نکالنے کا ہنر سکھایا ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کی سپورٹ سوات کے عوام کے ساتھ ہے۔ ہم پاکستان اور دنیا بھر کے سیاح یہاں لائیں گے۔ سیاحت کا فروغ پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وژن ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملک کا امیج بہتر ہوسکتا ہے، بلکہ سیاحت معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں سیاحت کے فروغ اور پُر فضا مقام پر تمام تر آسائشوں سے لیس اس منصوبے کی تکمیل کے تمام مراحل میں سرمایہ کار گروپ کو بورڈ آف انوسٹمنٹ کے بھرپور تعاون فراہم رہا۔سوات میں یہ سیاحوں اور مہمانوں کی آمد اور قیام کیلئے جدید اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے لیس منصوبہ ہوگا۔
Swat
