Swat

ریاست، سوات میں جاری مصنوعی دہشت گردی بند کرے، سوات قومی جرگہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات قومی جرگہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ریاست نے سوات میں جاری مصنوعی دہشت گردی بند نہ کی، تو سوات قومی جرگہ آئندہ سخت اعلان کرے گا۔ جرگہ نے پیتھام ٹور ازم سینٹر فوری طور پر خالی کرنے اور سول انتظامیہ کو حوالہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سوات میں سفیروں کے قافلے پر بم حملہ کے خلاف نشاط چوک مینگورہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سوات قومی جرگہ کے سربراہ مختیار خان یوسفزئی، ایوب اشاڑے،نوید خان، عطاء اللہ جان ایڈوکیٹ، شمس الہادی ایڈوکیٹ، فہیم نعیم ایڈوکیٹ، صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی، سٹی میئر شاہد علی خان،ڈاکٹر خالد محمود، برگیڈر(ر) ڈاکٹر محمد سلیم خان، مولانا حجت اللہ، شیر بہادر خان زادہ خان، عبدالجبار خان، عرفان چٹان، خورشید کاکا جی، سید صادق عزیز، واجد علی خان، ظفر شلمانی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوات کے لوگ پُرامن اور مہمان نواز لوگ ہیں۔ سفیروں کو سیکورٹی نہ دیکر مہمان نوازی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست نے سوات میں مصنوعی دہشت گردی نافذکرنے کی کوشش کی ہے، لیکن یہ 2008ء نہیں، اب 2024ء کا ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ سوات کے عوام ان کھیلوں سے باخبر ہیں اور بیدار ہوچکے ہیں۔ سوات کے عوام کسی بھی صورت اپنی سرزمین پر دہشت گرد، دہشت گردی اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو اپنی سرزمین پر برداشت نہیں کرسکتے۔ جس طرح مٹہ کے عوام دہشت گردوں کے خلاف مسلح ہوکر نکلے تھے، اب گلی گلی کوچے کوچے سے لوگ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مسلح ہوکر نکلیں گے اور اپنی اور اپنی سرزمین کی حفاظت کریں گے۔ ریاست فوری طور پر سوات میں موجود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سوات سے نکال دیں۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا، تو سوات کے لوگ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف نکلنے پر مجبور ہوں گے۔ آج نشاط چوک میں لاکھوں عوام کا اجتماع دہشت گردی، دہشت گردوں اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف ایک طرح سے ریفرنڈم تھا۔ اگر اس کے بعد بھی ریاست کی طرف سے سوات میں دہشت گردی کی کوشش کی گئی، تو سوات قومی جرگہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگا۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔