(باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلع بونیر کی چیک پوسٹ کڑا کڑ کے انچارج اے ایس آئی نے ضلع سوات کے علاقہ بریکوٹ سے بچے کو اغوا کرکے چیک پوسٹ ہی میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ پندرہ سالہ بچے (ا) نے ضلع بونیر کے تھانہ جوڑ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ ضلع سوات کے علاقہ بریکوٹ کے بازار میں موجود تھا کہ اس دوران اے ایس آئی خان زادہ نے آکر مجھ سے پوچھا کہ تمہارا موبائل نمبر کیا ہے، جس پر میں نے اس کو اپنا نمبر بتایا۔ اس نے کہا کہ اس نمبر سے لوگوں کو بھتے کے لئے کال کئے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ مجھے گاڑی میں ڈال کر ضلع بونیر کی پولیس چوکی کڑاکڑ لے گئے اور وہاں ایک رہائشی کمرہ میں لے جاکر مجھے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد مجھے چھوڑتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر اس بارے میں کسی کو بتایا تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا۔ بچے نے گھر پہنچ کر روتے ہوئے والد کو بتایا جس پر والد اپنے بچے کو جوڑ پولیس اسٹیشن لے گیا، جہاں پر اے ایس آئی خان زادہ کے خلاف دفعہ 511,376PPC کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا اور بچے کو میڈیکل کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اور اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا گیا۔ بونیر پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر شاہ حسن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اے ایس آئی کو فی الفور معطل کیا ہے۔ اس کے خلاف شکایت کنندہ کی مدعیت میں مجوزہ دفعات کے تحت باقاعدہ تھانہ جوڑ میں مقدمہ درج رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ ڈی پی اُو بونیر کی ذاتی نگرانی میں بونیر پولیس واقعے کے اصل حقائق سامنے لانے کے لئے غیر جانبداری سے تفتیش کررہی ہے۔
Swat
