(باخبر سوات ڈاٹ کام) سانحہ دریائے سوات کے خلاف ”سیالکوٹ، مردان ہم شرمندہ ہیں“ کے نام سے سوات اولسی پاسون کے زیرِ انتظام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جن میں مختلف سیاسی جماعتوں، تاجروں اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب علی خان، عبدالرحیم، شہزادہ میاں گل شہر یار امیر زیب، ڈاکٹر حیدر علی خان، ڈاکٹر خالد محمود، عرفان چٹان، سلطان علی خان،عطا اللہ جان ایڈوکیٹ اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سیالکوٹ اور مردان کے لوگوں سے شرمندہ ہیں کہ انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے تیرہ قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ مقررین نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایااور کہا کہ سرکار کی نااہلی کی وجہ سے اتنا بڑا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اس حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے ایک، ایک کروڑ روپے کا اعلان کریں۔ مظاہرے میں جاں بحق افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی کا وقفہ کیا گیا اور ان کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرکی اجتماعی دعا کی گئی۔
