(باخبر سوات ڈاٹ کام) سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا محمد خالد خان نے گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ودودیہ سیدو شریف سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سوات محمد ریاض خان، ڈی ڈی ای او فضل خالق، سکول پرنسپل ظہور احمد اور دیگر ضلعی تعلیمی افسران و اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ ایک ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول کھلنے کے پہلے دن محمد خالد خان نے طلبہ کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بچوں کو ہار پہنائے ، کاپی اور قلم پر مشتمل تحائف دیئے اور ان کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔ یہ اقدام طلبہ کے لیے نہ صرف حوصلہ افزائی کا باعث بنا بلکہ والدین کی بڑی تعداد نے بھی سکول میں آ کر اس منفرد استقبال میں شرکت کی۔ والدین نے سیکرٹری تعلیم کے اس قدم کو بے حد سراہا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک اعلیٰ سرکاری افسر خود سکول آ کر بچوں کے استقبال کے لیے موجود تھا جو کہ ایک مثبت اور مثالی روایت کی بنیاد ہے۔
Swat
