(باخبر سوات ڈاٹ کام)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے گذشتہ روز سوات کے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بالمشافہ ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے اور الخدمت کے رضاکاروں کی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ سوات میں حالیہ سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ سیکڑوں گھر متاثر ہوئے، کھیت کھلیان اجڑ گئے، سڑکیں اور راستے تباہ ہوئے اور ہزاروں خاندان مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں۔ ایسی گھڑی میں الخدمت کے رضاکار ایک عزم کے ساتھ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ رضاکاروں کی انتھک خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت سوات کے مختلف علاقوں میں الخدمت کے سیکڑوں رضاکار میدان عمل میں موجود ہیں جو متاثرہ عوام کی فوری بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات میں متاثرین کو صاف اور پینے کا پانی فراہم کرنا، متاثرہ خاندانوں میں راشن اور بنیادی ضروریات کا سامان تقسیم کرنا، بھاری مشینری اور گاڑیوں کے ذریعے بند راستوں اور سڑکوں کی صفائی اور بحالی، متاثرین کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنا اور ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی کیمپس اور امدادی سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
Swat
