(باخبر سوات ڈاٹ کام)زرعی یونیورسٹی سوات نے فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کا نفاذ کر دیا ہے، جس کی منظوری جنوری 2024ء میں دی گئی تھی۔ اس پروگرام کے تحت فیکلٹی کا پہلا بیچ 2 فروری 2026ء کو غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں تعینات کیا جائے گا۔ زرعی یونیورسٹی سوات اس پروگرام کے آغاز میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے، جس کا مقصد فیکلٹی کو مشترکہ تجربات، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، لیبارٹریز اور تحقیقی سہولیات کے باہمی استعمال اور ملک بھر کی ہم منصب جامعات میں متنوع تعلیمی ماحول کے تحت اشتراکی علمی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام آئندہ مستقبل میں طلبہ کے تبادلے کی راہ بھی ہموار کرے گا۔ اسبسلسلے میں زرعی یونیورسٹی سوات اور غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان کے مابین اگست 2025ء میں مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس پر باضابطہ طور پر پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان، وائس چانسلر، زرعی یونیورسٹی سوات اور پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد وائس چانسلر غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان نے دستخط کیے، جو اعلیٰ تعلیم، جدت اور تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
