(باخبر سوات ڈاٹ کام) گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے صحت، توانائی، طلبہ کی سہولت اور فن و ثقافت کے شعبوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی کے ساتھ منعقدہ انٹرایکٹو سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی اور طلبہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیتے ہوئے ان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور عملی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاسم، رجسٹرار، تدریسی و انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات نے ڈاکٹر عامر عبداللہ کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران مشیر تعلیم نے یونیورسٹی میں ڈاکٹر فاروق شہید ہیلتھ سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ اس مرکز کے ذریعے طلبہ اور یونیورسٹی ملازمین کو بنیادی طبی معائنے، لیبارٹری ٹیسٹ اور فزیوتھراپی سمیت ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے طلبہ کی سہولت کے لیے قائم کردہ اسٹوڈنٹ فیسلیٹیشن اینڈ سروس اسٹیشن سینٹر کے ون ونڈو سہولت کا بھی افتتاح کیا۔ اس مرکز کے تحت طلبہ کو ٹرانسپورٹ، کیریئر سروسز، اسکالرشپس، آئی ٹی اور ڈیجیٹل سپورٹ، شکایات کے اندراج، تعلیمی سہولیات، فیس اور مالی امور سمیت مختلف انتظامی خدمات ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی۔ ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اس سہولت کو اہم قرار دیتے ہوئے اسے دیگر جامعات میں بھی متعارف کرانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
Swat
