مینگورہ (باخبر سوات ڈاٹ کام) خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، آبپاشی وامور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نوجوان نسل کی ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے جو انقلابی اقدامات کئے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ان کی مثال موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 70سال میں ہم نے پہلی بار ایک جاندار یوتھ پالیسی بنائی۔ وہ ہفتہ کے روز وددیہ ہال سیدو شریف میں اینوویٹو یوتھ ایوارڈز 2017ء کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان، ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق، اے ڈی سی محمد طاہراور اے سی بابوزئی شہاب محمد خان کے علاوہ سوات بھر کے معززین، سوشل ورکرز اور کثیر تعداد میں خواتین و حضرات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبوں میں نمایا ں مقام حاصل کرنے والوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب میں ثقافتی شو اور دیگر رنگارنگ آئٹم پیش کئے گئے
