سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈرگ ایکٹ 2017ء کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریض دواؤں کے لئے رُل گئے۔ مریضوں کی جانب سے کمیسٹوں کو بد دعاوئیں دی گئیں۔کیمسٹوں کی ہڑتال کی وجہ سے ضلع بھر اور خاص کر ہسپتالوں کے سامنے دکانوں کی مکمل بندش کے بعد سرکاری، نجی ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے کلینکس میں آنے والے مریض ڈاکٹروں کی ادویات والی پرچیاں لے کر بازار کے چکر لگاتے رہے اور کہیں بھی مریضوں کو دوا نہ مل سکی۔ جس کی وجہ سے اکثر مریضوں کی حالت بھی غیر ہوگئی۔ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں داخل مریضوں کے لواحقین بھی دن بھر ادویہ کے لیے جگہ جگہ پھرتے رہے۔ جن مریضوں کے آپریشن ہوئے ان کے رشتہ دار بھی ادویہ کے لئے بازار کے چکر لگاتے رہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں نے کیمسٹوں کو بد دعائیں دیں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ہسپتالوں میں سرکاری فارمیسیاں کھول دیں۔ سوات کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن نے ڈرگ ایکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی ۔
