سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام شاہ نے عام انتخابات کی گہما گہمی کے بعد مینگورہ شہر اور نواحی علاقوں کی صفائی و ستھرائی اور خوبصورتی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سوات کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع کی انتظامیہ کو بھی شہروں اور قصبوں کی صفائی کے لیے بلدیاتی عملے کو فعال بنانے کا حکم دیا ہے۔ کمشنر آفس سید و شریف میں ایک اجلاس کے دوران انہوں نے سوات کے ڈپٹی کمشنر ثاقب رضا اسلم کو تاکید کی کہ ڈبلیو ایس ایس سی، میونسپلٹی اور دیگر بلدیاتی اداروں کو فوری طور فعال بنا کر صفائی مہم چلائی جائے۔ انتخابات کے دوران شاہراہوں اور گلی کوچوں کی سٹریٹ لائٹس کے پولز پر نصب کردہ بینرز اور پینافلیکس سمیت انتخابی مواد، کوڑا کرکٹ اور ملبہ وغیرہ ہٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، تاکہ شہروں میں صفائی کے علاوہ شہر یوں کی آمد و رفت اور سہولیات میں حائل رکاؤٹیں فوری دور ہوں اور وہاں کی رونقیں بحال کی جا سکیں۔
