سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں بجلی کی طویل بریک ڈاؤن، شدید گرمی اور پانی کی قلت سے شہری بلبلا اٹھے۔ 20,20 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے کاروبارِزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ پانی کی شدید قلت سے پورا علاقہ میدان کربلا بن گیا ہے۔ مینگورہ شہر سمیت ضلع بھر میں گذشتہ چار روز سے مرمت کی آڑ میں بیس بیس گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی طویل بندش سے اسپتالوں میں آپریشن متاثر ہوگئے ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ساؤن کی اس شدید گرمی میں اسکولوں میں بچے اور گھروں میں خواتین بھی نڈھال ہوکررہ گئی ہیں۔ شہری پوری رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ بجلی کی بندش سے علاقے میں کاروباری ادارے ٹھپ ہو کررہ گئے ہیں جبکہ علاقے میں سیکڑوں کی تعداد میں ٹیوب ویلز بند ہونے کے باعث پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مکین بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سوات میں سو فیصد بلوں کی ادائیگی کے باوجود ظالمانہ لوڈشیڈنگ یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا، توہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
