سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے، شہر میں پانی کی قلت اور ٹیلی فون کے بلوں میں ٹیکسوں کے خلاف تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے جس سے خطاب میں ڈاکٹرخالد محمود خالد، عبدالعلی، عثمان علی، نورمحمد اوردیگر نے کہاکہ سوات میں عرصۂ دراز سے بجلی کی ناروااورظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے سبب کاروبار بری طرح متاثر ہورہاہے۔دوسری جانب بجلی اورٹیلی فون کے ماہانہ بلوں میں ٹیکس لگائے گئے ہیں جو ظلم کی انتہاہے، جسے کسی بھی صورت برداشت کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے سبب ٹیوب ویلوں کا پہیہ رک گیا ہے جس کے باعث پانی کی شدید قلت نے سر اٹھالیا ہے۔ لوگ دیگر کام کاج چھوڑ کر پانی کی تلاش میں سرگرداں پھر رہے ہیں جب کہ دوسری جانب پانی کی فیسوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، جوقابل افسوس امر ہے۔
