سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقہ فتح پور میں اہلیہ کی چچا کی شادی میں دو دن گزارنے پر سالے نے اپنے بہنوئی اور ان کے والد کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کریم اللہ کی اہلیہ چچا کی شادی کے لئے میکے گئی تھی۔ ایک رات گزارنے کے بعد ان کے شوہر کریم اللہ نے بیوی کو فون کیا اور کہا کہ آپ نے ایک رات گزار دی۔ اب واپس گھر آجاؤ۔ جواباًانہوں نے فون اپنے بھائی سعید اللہ کو دیا جنہوں نے اپنے بہنوئی کو کہا کہ ان کی ہمشیرہ ایک رات اور گزارے گی۔ اس وجہ سے سالے اور بہنوئی میں تکرار ہوئی جس پر ملزم سعید اللہ دیگر ملزمان عبدالرحمان، انور سید اور عادل زادہ سکنہ برشیر پلم کے ساتھ مل کر فتح پور گیا جہاں اس نے اپنے بہنوئی کریم اللہ اور اس کے والد خان زادہ پر چھریوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق ہوئے۔ پولیس نے چاروں ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
