سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ سید ظہیرالاسلام شاہ نے سبزی اور فروٹ منڈی، مذبح خانہ اور جنرل بس سٹینڈ کی مینگورہ شہر کی حدود سے باہر منتقلی میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور متعلقہ محکموں کا قبلہ درست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ واضح کیا ہے کہ ان کی وجہ سے شہر کے اندر رش بے انتہا بڑھ چکا ہے اور شہریوں کی مشکلات میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مینگورہ شہر میں صفائی اور آبنوشی کی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس سی اور میونسپلٹی کو اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کی تنبیہ جاری کی ہے۔ وہ مینگورہ شہر کی بیوٹیفکیشن، فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ، سلاٹر ہاؤس اور جنرل بس سٹینڈ کی بیرون شہر منتقلی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سید ظہیرالاسلام شاہ نے شہر کی خوبصورتی و صفائی، فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ، سلاٹر ہاؤس اور جنرل بس سٹینڈ کی بیرون شہر جلد از جلد منتقلی کے لیے محکموں کو ڈیڈلائن مقرر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو مؤثر نگرانی میں ان کی تکمیل کی ہدایت کی۔
Swat
