سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) صوبائی حکومت نے سوات کے کالجوں میں طلبہ و طالبات کے داخلوں کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری، ہنگامی اور طویل المیعاد دونوں سطح پر ٹھو س اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے جامع منصوبہ بندی وضع کی گئی ہے جس میں انٹر میڈیٹ اور بی ایس کی سیٹوں کے علاوہ بوائز اور گرلز کالجز کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے ڈی سی آفس سید و شریف کے کانفرنس روم میں داخلو ں کے مسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سوات یو نیورسٹی، جہانز یب کالج اور گرلز ڈگری کالج کے وی سی اور پرنسپلز کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنمنٹ جہانزیب ڈگری کالج کے زیرتعمیر بلاکس کی جلد تکمیل اور اضافی تدریسی عملے کی بھرتی سمیت کئی دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان اس خطے کے سپوت ہیں اور وہ تعلیم سمیت تمام شعبوں میں یہاں سے پسماندگی اور غربت کے داغ دھونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور محکموں کو طلبہ کی گنجائش کے مطابق نشستوں اور کالجز میں اضافے کے لیے تمام ڈیمانڈز اور سفارشات و تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان پر جلد از جلد عمل یقینی بنایا جائے گا۔
