سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے کمشنر سیکرٹریٹ سیدوشریف میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر سوات میں شہریوں کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک ازدحام کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان مسائل کے حل کے ضمن میں ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد اختر شیرانی، تحصیل ناظم مینگورہ اکرام خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد فواد خان، محکمہ ہائے ایکسائز و ٹیکسیشن، مواصلات و تعمیرات، ہائی وے اتھارٹی، منصوبہ بندی و ترقیات کے ضلعی سربراہان، ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سید ظہیرالاسلام شاہ نے مقامی انتظامیہ کو اندرونِ شہر تمام ڈی و سی کلاس بس، سوزوکی، رینٹ اے کار اور ٹرک اڈوں کے علاوہ سبزی و فروٹ منڈیوں کی بیرون شہر منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نیو جنرل بس سٹینڈ کے تکمیلی مراحل میں حد درجہ تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو درکار فنڈز کی فوری فراہمی کی ہدایت کی جب کہ ٹھیکیدار کو بس سٹینڈ کی ہنگامی بنیادوں پر فرش بندی کے لیے ایک مہینے کی ڈیڈلائن دی، تاکہ تمام بڑی مسافر گاڑیوں کو جلد از جلد شہری حدود سے باہر نکالا جا سکے۔ انہوں نے لاری اڈوں میں صفائی اور دیگر سہولیات کے فقدان کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے ہر بس سٹینڈ میں زنانہ ومردانہ واش روم، مسجد اور صفائی کا یقینی بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔
Swat
