سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں بجلی کا کرنٹ لگنے اور ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ خاتون گاڑی الٹنے سے جاں بحق ہوئی جبکہ دو افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے چل بسے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیدوشریف کے نواحی علاقے کوکڑئی میں پچیس سالہ انورحیات ولد عنایت اللہ گھر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لئے سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا مگر جانبر نہ ہوسکا۔ تحصیل مٹہ کے بالائی علاقے نوخارہ میں پچپن سالہ جلیل احمد ولد بونیرے گھر میں بجلی کے کام میں مصروف تھا کہ اس دوران بجلی کا زور دار جھٹکا لگنے سے چل بسا۔ ٹریفک کا حادثہ نیلاگرام کے مقام پر پیش آیا جہاں پر سوزوکی پک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون مسماۃ خاروزوجہ با چا وزیر موقع پر جاں بحق ہوگئی، جبکہ دیگر افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔ تینوں افراد کو آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔
