سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت منتخب مخصوص افراد کو گھر ملیں گے۔ ان گھروں کی قیمت گھر ملنے والا شخص بیس سال تک کی ماہانہ قسطوں میں ادا کرے گا۔ سوات میں گذشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے اس سکیم کا افتتاح کیا جو اس وقت پاکستان کے سات اور خیبر پختون خواہ کے ایک ضلع سوات میں ہے۔ سوات سٹیڈیم میں رجسٹریشن کے لئے نادرا کے تین موبائل گاڑیاں رجسٹریشن کے عمل میں مصروف ہیں۔ رجسٹریشن کے لئے مرد و خواتین کی لمبی قطاریں صبح سے کھڑی تھیں۔ اس سکیم کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد کے مطابق اس سکیم کے ذریعے ہر خاندان کا ایک شخص دو سو پچاس روپے دے کر درخواست نادرا کے ان موبائل ٹیموں کے پاس جمع کراسکتا ہے، جو 21 دسمبر2018تک سوات میں موجود رہیں گے۔ نادرا رجسٹریشن کا ڈیٹا ’’ہاؤسنگ اتھارٹی‘‘ کو دے گا ۔ رجسٹریشن فارم میں شخص کا نام، شناختی کارڈ نمبر درج ہے۔ فارم میں ان سے پوچھا جاتا ہے کہ ان کی ماہانہ آمدنی کتنی ہے اور وہ گھر کے لئے کتنا ماہانا قسط دے سکتا ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے منتخب اضلاع میں گھر بنانے کے لئے پہلے سرکاری زمین کا حصول کیا جائے گا اور اگر سرکاری زمین میسر نہ ہو، تو پھر اس سکیم کے لئے زمین خریدی جائے گی۔ اس زمین پر جتنے مکانات تعمیر ہو سکیں گے، اتنے ہی افراد کو وہ گھر ماہانہ اقساط پر دئے جائیں گے۔ رجسٹریشن کی تعداد میں اضافہ کے بعد ہاؤسنگ اتھارٹی مطلوبہ مکانات اور افراد کے لئے سکروٹنی کرے گی۔
Swat
