سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) دریائے سوات کو میونسپل فضلات اور آلودگی سے بچانے اور ہر قسم کی گندگی سے پاک کرنے کے لیے اقدامات کی غرض سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈی سی آفس گل کدہ سیدو شریف کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ڈائریکٹر فشریز، انسپکٹر ادارۂ تحفظِ ماحولیات اور آل ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اے ڈی سی سوات نے واضح کیا کہ دریائے سوات کو ہوٹلوں کا گندا پانی اور غلاظت گرنے سے مسلسل آلودہ کیا جا رہا ہے، جس سے اس کے اندر موجود آبی حیات کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف آباد انسانی حیات کو بھی سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ دریائے سوات پورے ملاکنڈ ڈویژن میں قدرتی حسن اور سیاحت کا منبع ہے جس میں بگاڑ آنے سے سیاحت اور کاروبار زوال کا شکار ہونے کے علاوہ ماحولیات اور انسانی بقا کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
Swat
