سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال کے ختم ہونے کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد ملازمیں سر پلس ہو جائیں گے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں تدریسی ہسپتالوں کے ساتھ ڈی ایچ کیو ہسپتال بھی قائم ہے، لیکن صوبائی حکومت کے بعض محکموں اور ان کے افسران نے سیدو شریف سوات میں قائم ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال کو ختم کرنے کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ خط و کتابت کی ہے اور قوی امکان ہے کہ سوات کے ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال کو ختم کیا جائے گا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے خاتمے کے بعد ہزاروں مریضوں کا بوجھ بھی سیدو شریف کے تدریسی ہسپتال پر پڑ جائے گا۔ایک ہزار سے زائد ملازمین جن میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس سے لے کر کلاس فور تک ملازمین سر پلس ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اس کا نوٹس لے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال ختم نہ کریں۔ کیوں کہ سوات کے عوام اور مریضوں کے ساتھ ظلم کی انتہا ہوگی۔
