سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کا معیار وقت کے ساتھ مزید بہتر ہورہاہے۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کی بدولت اگلے چند ماہ میں یہ عالمی معیار پر آجائے گا۔ سب سے زیادہ رش اسی ہسپتال پر ہے۔ ہسپتال میں آٹھ ما ہ کے دوران سات لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔ پانچ ہزار سے زائد زچگی ماؤں کو سہولیات دی گئی ہیں۔ روزانہ ہزاروں لوگوں کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔سیدو ہسپتال اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا رش تب کم ہوگا جب صوبے بھرمیں علاج کا ریفرل سسٹم نافذ ہوگا، جس پرپاک فوج میں کامیابی سے عمل جاری ہے، تاہم عوامی سطح پر لاگو کرنے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے اور اگر ایسا ہوا تو بی ایچ یو سے لے کر آر ایچ سی اور ایل ایچ وی سطح پر تمام بنیادی طبی یونٹ بھی حاضر و فعال بن جائیں گے اور علاج کا معیار بین الاقوامی سطح پر آجائے گا۔ سیدوٹیچنگ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو اور سیدومیڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق نے پختونخوا ایف ایم98 سوات کے پروگرام’’ حال احوال‘‘ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ۔
Swat
