سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) بونیر میں دوست سے ملنے جانے والے سوات کے تین بے گناہ افراد کو بونیر پولیس نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ بونیر پولیس کے تشدد کا نشانہ بننے والے اوڈیگرام کے اکرام علی، محمد کریم اور انور سید نے بونیر پولیس کے خلاف آر پی او پولیس ملاکنڈ ڈویژن کو درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز وہ ایک دوست سے ملنے بونیر گئے تھے کہ چینگلئی کے مقام پر سادہ لباس میں دو پولیس اہلکاروں نے ان کو روکا اور کہا کہ آپ لوگ شکل سے دہشت گرد لگ رہے ہیں۔ اس پر انہوں نے پولیس اہلکاروں کو اپنے شناختی کارڈ دکھائے، جس کے بعد انہوں نے پولیس موبائل کو کال کی جس میں ان کو بٹھا کر تھانے لے جایا گیا اور رات بھر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پھر ایم پی اے سردار حسین باباک نے تھانہ آکر پولیس کو بتایا کہ یہ تو سوات کے مہمان ہیں جس کے بعد پولیس والوں نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے چھوڑ دیا۔ درخواست میں آر پی او سے اس بارے تحقیقات کرنے اور داد رسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
