مٹہ (باخبرسوات ڈاٹ کام) تحصیل مٹہ کے علاقہ ارکوٹ کے پہاڑی علاقہ نیلا گرام میں پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے تین معصوم بچے جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ۔ بدھ کو سرکاری چھٹی ہونے کی وجہ سے سکول بھی بند تھے جس کی وجہ سے صبح ایک ہی خاندان کے پانچ بچے قریبی کھیت میں کھیل رہے تھے۔ اس دوران بچوں نے کھیت میں کھدائی شروع کی جہاں پرانا مارٹر گولہ پڑا تھا جو کسی چیز کے لگنے سے پھٹ گیا۔ نتیجتاً 4 سالہ سدیس ولد سید ولی، 9 سالہ محمد عمر ولد سید عاقل اور 8 سالہ انعام ولد میاں سید وارث موقع پر جاں بحق اور 9 سالہ نظام ولد سید ولی، 10 سالہ حسن ولد محمد اسحاق شدید زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لئے پہلے مٹہ اور پھر سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تینوں بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ آبائی علاقہ میں ادا کی گئی جس میں علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
