سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) ضلع باجوڑ کو پشاور میں شامل کرانے اور سی پی سی میں ترمیم کے خلاف سوات بار ایسو سی ایشن نے احتجاج کی دھمکی دے دی۔ ایڈیشنل کمشنر کے ناروا رویے کی بھی اجلاس میں شدید مذمت کی گئی۔ سوات بار ایسو سی ایشن کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ بار کے صدر عبدالحلیم ایڈوکیٹ، سوات بار کے صدر اختر منیر ایڈوکیٹ اور دیگرمقررین نے کہا کہ ضلع باجوڑ چونکہ جوڈیشری اور جغرافیائی لحاظ سے ملاکنڈ ڈویژن کے ساتھ ہے، اسی طرح ریونیو اور پولیس سائیڈ پر ملاکنڈ ڈویژن میں شامل کیا گیا ہے، دوسری ضلعوں کوعدالتی سائیڈ پر اپنے ریجن کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جب کہ ضلع باجوڑ کو پشاور کے ساتھ شامل کیا جا رہا ہے، جو کہ یہ وہاں کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ یہ ہمیں ہر گز منظور نہیں۔ ضلع باجوڑ کو عدالتی سائیڈ پر مینگورہ بینچ کے ساتھ شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی سی میں کی گئی ترمیم ہمیں قابلِ قبول نہیں۔ اس حوالے سے وکلا برادری کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔
