سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی میں دوسرے شعبوں کے علاوہ خواتین کی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں بھی نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ آج دنیا کے وہی ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جنہوں نے خواتین کے حقوق کی پاسداری کی اور انہیں یکساں مواقع فراہم کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سیدو شریف میں ووٹرز کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں الیکشن کمیشن آف پاکستان ملاکنڈ ڈویژن کے ریجنل الیکشن کمشنر جاوید اقبال، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اعجاز احمد اور کالج کے پرنسپل ضیاء الرحیم کے علاوہ اساتذہ اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل میں خواتین اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ سیاسی نظام کو بہتر بنانے کے لیے خواتین کی سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی اشد ضرورت ہے۔
Swat
