سوات(باخبرسوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنرسوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی قوم اس وقت تک پائیدار ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس کی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا نہ کریں۔ آج یورپ کے وہ ممالک ترقی اور خوشحالی میں سب سے آگے ہیں جہاں خواتین ملک کی ترقی میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کررہی ہیں۔ وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سیدو شریف میں طالبات اور اساتذہ سے تقریری مقابلہ کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبیحہ نازلی، وائس پرنسپل ڈاکٹر نرگس آرا، پروفیسر فوزیہ وہاب، تبسم مجیداور دوسری استانیاں بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف مرد بہتر نظامِ حکومت دینے میں کامیاب نہ ہوسکے، اس لئے خواتین کو آگے بڑھ کر ملک کی خوشحالی اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
Swat
