Swat

ہم ہر شعبہ میں عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

سوات   (باخبرسوات ڈاٹ کام)   وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات کے لوگوں نے ان کی جماعت کو عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے کامیاب بنا کر ان پر احسان عظیم کیا ہے، ان کی انتخابات کے روز ایک دن کی تکلیف کا بدلہ وہ عوام کی پانچ سال تک دن رات خدمت کرکے چکائیں گے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے دورۂ سوات کے دوران مٹہ سوات میں اپنے حجرہ میں لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ محمود خان نے لوگوں کے مسائل اور شکایات بغور سنے اور بیشتر پر فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔ محمود خان نے کہا کہ سوات کے عوام دہشت گردی اور قدرتی آفات سے کافی متاثر ہوچکے ہیں، مگر آزمائشوں کا یہ مشکل ترین دور گزر چکا ہے۔ ان کی قربانیاں رنگ لاچکی ہیں اور سوات اب ترقی کی نئی راہوں پر چل پڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی وِژنری قیادت میں موجودہ حکومت قوم کو تمام بحرانوں اور چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نکالنے میں کامیاب ہوگی اور وہ ہر شعبے میں عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے مسائل کو بخوبی جانتے ہیں اور ان کا حل بھی یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں