سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات یونیورسٹی کی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو 14 اگست تک ایڈمن بلاک اور تدریسی شعبوں کی کرائے کی عمارات سے نکال کر یونیورسٹی کے نئے کیمپس کو منتقلی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کم از کم چھے شعبہ جات کی ہر لحاظ سے تکمیل کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ یہ اعلان چیئرمین ڈیڈک ضلع سوات فضل حکیم خان کے چارباغ میں زیرتعمیر سوات یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے دورہ کے موقع پر کیاگیا جنہوں نے وہاں پرجاری تعمیراتی کام کاتفصیلی جائزہ لیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کویقین دلایاکہ سوات یونیورسٹی کے اپنے کیمپس کی جلدتعمیرکے لیے وہ خود بھی ذاتی طور پر ہرممکن تعاون کریں گے۔ سوات یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدجمال خان، کنٹرولرامتحانات محمدریاض، پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عنایت اللہ خان اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرنے بتایا کہ خزاں سمسٹر 2019ء سے قبل پانچ سے چھے شعبہ جات کویونیورسٹی کے ذاتی کیمپس میں اکیڈیمک بلاک اوراس سے ملحقہ پری فبری کیٹڈ بلاک منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے اکیڈیمک بلاک پرتعمیراتی کام شروع کردیاگیاہے، جسے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
Swat
