سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات اور ملاکنڈ سی این جی ایسوسی ایشن نے سٹیشنوں کی بند ش کی اوقاتِ کارکا دورانیہ کم کرنے اور ان میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کردیا۔ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کریں گے۔ اٹھارہ گھنٹے سٹیشن بند رکھنے کے باوجود بھی گیس مسئلہ حل نہ ہوسکا بلکہ اس صورتحال کے سبب مزید مسائل اورمشکلات نے سراٹھالیا ہے۔ سی این جی مالکان کو مسلسل نقصان کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔ اس حوالے سے سوات ملاکنڈسی این جی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی طاہر خان، جنرل سیکرٹری نواب علی اور دیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کے کہنے پر ہم اٹھارہ گھنٹے تک سی این جی اسٹیشنوں کوصبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک بندرکھتے ہیں، مگر اس سے بھی سوئی گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔جب ہم رات کو مقرہ وقت پر اسٹیشن کھولتے ہیں، تو پریشرانتہائی کم ہوتا ہے جس کے سبب کمپریسر خراب ہوکر ہمارے نقصان کا سبب بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کسی بھی حصے میں سوئی گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سی این جی اسٹیشن بند نہیں کیے گئے مگر سوات میں سٹیشنوں کو بند کیا گیا ہے جو امتیازی سلوک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارا جائز مطالبہ فوری طورپر تسلیم نہیں کیا گیا، تو احتجاج پر مجبورہوجائیں گے۔ اس موقع پر فریدخان، محمد رحیم، مطیع اللہ اورایسوسی ایشن کے دیگرعہدیدار بھی موجودتھے۔
Swat
