سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) پاسپورٹ آفس کا عملہ ناکافی سہولیات کے باوجود سوات، دیر بالا و پائیں، چترال، بونیراور شانگلہ کے لوگوں کو پاسپورٹ اور امیگریشن کی بہترین سہولیات فراہم کررہا ہے۔ پاسپورٹ بنانے کے خواہشمند افراد مقررہ فیس بینک میں جمع کرنے کے بعد دفتر سے رابطہ کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں ہم افسران سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ہم عوام کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ ملاکنڈ ویژن ظہور احمد خان نے پختونخواریڈیو کے پروگرام ’’حال احوال‘‘ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذاتی کوششوں کے نتیجے میں سوات میں بدترین کشیدگی کے دوران بھی پاسپورٹ آفس کھلا رکھا گیا۔ علاقے کے لوگوں کی بہترین انداز میں خدمت کی گئی ہے۔ ہماری اس وقت کی بہتر کارکردگی پر وزارتِ داخلہ کے افسران نے پنجاب کے پانچ علاقوں میں دفاتر کے قیام کو روک کر انہیں ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں چترال، تیمرگرہ، بونیر، باجوڑ اور بٹ خیلہ میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا جس سے اب ان علاقوں سمیت دیر اپر اور دیر لوئر کے عوام بھی مستفید ہورہے ہیں۔
- کمنٹس
- فیس بک کمنٹس
