سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان نے کہاہے کہ سیدوشریف ائرپورٹ کو اگلے سیاحتی سیزن سے پہلے پہلے پروازوں کے لیے کھول دیاجائے گا۔ کالام اور ملم جبہ روڈ رواں سال کے ستمبر تک تعمیر کی جائیں گی۔ دنیا کے 175ممالک کو پہلی بار ای ویزہ کی سہولت دے رہے ہیں۔ سوات میں بدھ مت دور کے آثار کو اجاگر کرکے عالمی سیاحت کو بحال کریں گے۔ آثارِ قدیمہ اور بدھ مت دور کے مقامات کی مرمت کے لئے پچاس کروڑ روپے کا فنڈ مختص کردیا گیا ہے۔ سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سوات کا شمار دنیا کے خوب صورت ترین علاقوں میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت اس وادی کی سیاحت کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے صوبے میں پانچ نئے سکی ریزورٹ بنائے جارہے ہیں جن میں سے دو سوات میں بنائے جائیں گے۔
